کراچی: (دنیا نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعے کو احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عام انتخابات کے بعد سندھ کی سیاست میں جوڑ توڑ کا سلسلہ تیز ہو گیا، کراچی کنگری ہاؤس میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے پیر پگارا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سندھ میں مشترکہ اپوزیشن سمیت انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلیوں پر بھی غور کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا نے کہا کہ الیکشن میں ہمارے ساتھ فراڈ کیا گیا۔ جھگڑا پنجاب کا تھا، سندھ کا مینڈیٹ کیوں چرایا گیا؟
ایاز لطیف پلیجو نے انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشن سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔ جے ڈی اے نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جمعے کو کراچی میں احتجاج کرنے کی کال دے دی ہے۔