اسلام آباد: (دنیا نیوز) انتخابی مہم میں نازیبا زبان کے استعمال کے معاملے پر سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویزخٹک نے الیکشن کمیشن سے غیر مشروط معافی مانگ لی
پرویز خٹک نے تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ نازیبا الفاظ کے استعمال پر غیر مشروط معافی مانگتا ہوں، الیکشن کمیشن معاملے پر درگزر کرے۔
چیف الیکشن کمشنر نے سابق وزیراعلیٰ کے وکیل سے استفسار کیا پرویز خٹک نے جو کہا آپ نے سنا ہے ؟ وکیل نے جواب دیا پرویز خٹک نے جو کہا وہ بے اختیار تھا، الیکشن کمیشن نے 19 جولائی کو جو نوٹس دیا اس میں بتایا نہیں گیا کہ کس تقریر پر نوٹس ہوا۔ عدالت میں پرویز خٹک کی تقریر کا کلپ بھی چلایا گیا۔
الیکشن کمیشن نے نازیبا زبان کے استعمال پر گزشتہ سماعت پر پرویز خٹک کے حلقے کے انتخابی نتائج روکنے کا حکم دیا تھا۔