کوئٹہ: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) میں جام کمال کو بطور وزیرِ اعلیٰ نامزد کرنے پر اختلافات نے جنم لے لیا ہے۔
دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی بلوچستان، بی این پی مینگل اور جام کمال کی اپنی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی انھیں بطور وزیرِاعلیٰ نامزد کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے جام کمال کو کیوں نامزد کیا ؟ صوبے کے فیصلے کرنا صوبائی قیادت کا حق ہے۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان کے وزیرِاعلیٰ کیلئے جام کمال کی نامزدگی پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی گروپ نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم معاملے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا۔
ادھر بی این پی مینگل نے بھی جام کمال کی نامزدگی پر ناراضگی کا اظہار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جام کمال کو بلوچستان عوامی پارٹی کے اندرونی اختلافات کا بھی سامنا ہے کیونکہ پارٹی اراکین کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ بلوچستان میں ہونا چاہیے تھا۔