اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2018 میں آر ٹی ایس کی ناکامی پر چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتہ نہیں الیکشن کمیشن کس طرح کام کر رہا ہے۔
پنجاب سے مخصوص نشست پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار عابدہ راجا کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ پتہ نہیں الیکشن کمیشن نے اتنے پیسے لگا کر آر ٹی ایس سسٹم بنایا اور وہ بھی صحیح نہیں چل سکا، الیکشن کے دن چیف الیکشن کمشنر کو فون کرتا رہا لیکن جواب بھی نہیں ملا۔
سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف کی عابدہ راجا کو مخصوص نشست پر الیکشن لڑنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ عابدہ راجا نے 23 اپریل کو ووٹ منتقلی کی درخواست دی، الیکشن کمیشن نے کچھ نہیں کیا۔ خیال رہے کہ ریٹرننگ افسر نے عابدہ راجا کے کاغذاتِ نامزدگی ووٹ منتقل نہ ہونے کے بعد مسترد کر دیئے تھے۔