لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 106 اور این اے 108 سے لیگی امیدوار رانا ثنا اللہ اور پی ٹی آئی امیدوار فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے لیگی رہنما عابد شیر علی کی جانب سے این اے 108 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنا دیا ہے اور الیکشن کمیشن کو فرخ حبیب کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
عابد شیر علی کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ حلقہ این اے 108 میں صرف 1200 ووٹوں سے شکست ہوئی، ریٹرننگ افسر نے حقائق کے برعکس دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی، اس لیے عدالت حلقہ میں دوبارہ گنتی کے احکامات جاری کرے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثناء اللہ کے حلقے میں دوبارہ گنتی کی درخواست پر بھی فیصلہ سنا دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی حلقے میں دوبارہ گنتی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو رانا ثناء اللہ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکی اجازت دیدی ہے۔
جسٹس مامون الرشید شیخ نے ہارنے والے امیدوار ڈاکٹر نثار کی درخواست پر یہ فیصلہ سنایا جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ انھیں این اے 106 میں صرف 1400 ووٹوں سے شکست ہوئی لیکن ریٹرننگ افسر نے دوبارہ گنتی 27 بیگ کھولنے کے بعد اچانک روک دی ہے، اس لیے عدالت ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کی مکمل گنتی کرنے حکم دے۔