کراچی: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر اپوزیشن جماعتیں سراپا احتجاج ہیں، کراچی میں الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دھرنا دیا گیا، رہنماوں نے ملک بھر میں دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے سامنے جمعیت علما اسلام ف اور عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے دھرنا دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے شارع عراق کو دونوں جانب سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔ کارکنان نے دھرنے کے دوران الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
متحدہ مجلس عمل کے رہنما ڈاکٹر راشد سومرو نے کہا کارکنان کو احتجاج میں شامل ہونے سے روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا قائدین کا حکم ملا تو شہر بلاک کر سکتے ہیں۔ دھرنے سے اے این پی کے یونس بونیری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ احتجاج کے پیش نظر پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے۔ پولیس نفری الیکشن کمیشن کے دفتر کے اطراف موجود تھی جبکہ واٹر کینن بھی پہنچایا گیا تھا تاہم دو گھنٹے احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔