لاہور: (روزنامہ دنیا) قومی اسمبلی کے بیشتر حلقوں میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے سوا دیگر جماعتیں اور امیدوار مقابلے سے باہر رہے، لیاقت بلوچ سمیت متعدد امیدواروں کو الیکشن کمیشن سے سیکیورٹی بھی واپس نہ ملی۔
سال 2018 کے عام انتخابات کئی بڑے سیاستدانوں کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور متعدد معروف امیدواروں کو اتنے کم ووٹ ملے کہ وہ اپنی ضمانتیں ضبط کروا بیٹھے۔ لاہور کے 160 امیدواروں میں سے صرف 39 ہی اپنی ضمانتیں بچا سکے۔ شہر لاہور کی قومی اسمبلی کی 14 نشستوں میں سے زیادہ پر پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا اور دیگر امیدواروں میں سے اکثر مقابلہ سے باہر رہے اور121 کی ضمانتیں ضبط ہوئیں۔ زعیم حسین قادری، گلوکار جواد احمد، آصف اشرف جلالی، ثمینہ خالد گھرکی، امیر العظیم سمیت متعدد معروف امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔
لاہور میں این اے 123 سے کامیاب ملک ریاض اور پی ٹی آئی کے مہر واجد عظیم کے سوا ہمایوں اختر خان سمیت تمام گیارہ امیدواروں کی سکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔ این اے 124 سے کامیاب حمزہ شہباز اور پی ٹی آئی کے محمد نعمان قیصرکے سوا تمام 5 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔ این اے 125 سے کامیاب وحید عالم اور پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے سوا زعیم قادری اور آجاسم شریف سمیت تمام 11 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔
این اے 127 سے کامیاب علی پرویز ملک اور پی ٹی آئی کے جمشید اقبال کے سوا تمام 7 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔ این اے 128 سے کامیاب شیخ روحیل اور پی ٹی آئی کے اعجاز احمد کے سوا محمد آصف اشرف سمیت تمام 12 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔ این اے 130 سے کامیاب شفقت محمود اور ن لیگ کے خواجہ احمد حسان کے سوا جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ سمیت تمام 8 امیدوار وں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔
این اے 132 سے کامیاب شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے محمد منشا کے سوا پیپلز پارٹی کی ثمینہ خالد گھرکی اور برابری پارٹی کے گلوکار جواد احمد سمیت تمام 13 امیدوار وں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہو گئی۔ این اے 133 سے کامیاب محمد پرویز اور پی ٹی آئی کے اعجاز احمد چوہدری کے سوا زعیم قادری سمیت تمام 12 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔ این اے 134 سے کامیاب رانا مبشر اور پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کے سوا تمام 9 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہو گئی۔
این اے 135 سے کامیاب کرامت کھوکھر اور ن لیگ کے سیف الملوک کے سوا امیر العظیم سمیت تمام 6 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی۔ این اے 136 سے کامیاب افضل کھوکھر اور پی ٹی آئی کے اسد کھوکھرکے سوا تمام 13 امیدواروں کی سیکیورٹی کی رقم ضبط ہوگئی، اسی طرح دیگر حلقوں میں بھی کئی امیدوار اپنی سیکیورٹی کی رقم بھی نہ بچا سکے۔