اسلام آباد: (دنیا نیوز) عام انتخابات میں آر ٹی ایس کی ناکامی کا معاملہ، کابینہ ڈویژن نے تحقیقات کیلئے کمیٹی بنانے سے انکار کر دیا۔ الیکشن کمیشن کو جوابی خط لکھ دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے الیکشن کمیشن کے خط پر رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کیلئے کابینہ ڈویژن کے بجائے براہ راست وزیراعظم سیکریٹریٹ کو خط لکھا جانا چاہیے تھا۔ کابینہ ڈویژن کے پاس ایسی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت کابینہ ڈویژن الیکشن کمیشن کے احکامات کی پابند ہے۔ کابینہ ڈویژن کو وزارت قانون سے رائے لینے کی ضرورت ہی نہیں تھی۔
خیال رہے کہ کمیٹی نے 4 ہفتوں میں تحقیقات کے دوران عام انتخابات میں آر ٹی ایس کی ناکامی کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے ساتھ مستقبل کیلئے سفارشات بھی دینا تھیں۔