کراچی: (روزنامہ دنیا) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کے 4 امیدوار میدان میں آ گئے ہیں اور ان میں سخت مقابلہ ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں اس نشست سے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کامیاب ہوئے تھے، تاہم یہ نشست وہ چھوڑ چکے ہیں اور اس پر اب ضمنی انتخاب ہو گا۔
اس ضمنی انتخاب کے لیے رشید گوڈیل، عالمگیر محسود، آفتاب صدیقی اور اشرف قریشی پارٹی ٹکٹ کے لیے کوشاں ہیں۔ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ ان چاروں امیدواروں کا سروے کرایا جائے گا تا کہ ان میں سے موزوں ترین اور مضبوط امیدوار کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔
اس حلقے میں ضمنی انتخاب کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے گئے ہیں۔ عام انتخابات میں علی رضا عابدی ایم کیو ایم کے امیدوار تھے، عمران خان نے انہیں 67 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی، اس کے بعد علی رضا عابدی ایم کیو ایم کی رکنیت سے مستعفی ہو چکے ہیں۔
کراچی کا حلقہ این اے 243 گلشن اقبال، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، جمشید کوارٹرز، بہادر آباد اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل ہے۔
یاد رہے کہ عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلیوں کے 7 حلقوں میں الیکشن ملتوی ہو گیا تھا۔ اس کے علاوہ عام انتخابات میں ایک سے زائد نشستوں پر کامیاب ہونے والوں نے 28 نشستیں چھوڑی ہیں جن پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوں گے۔