وزیراعظم عمران خان سے چینی وزیر خارجہ، سعودی وزیر اطلاعات کی ملاقات

Last Updated On 09 September,2018 01:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے چین کے وزیر خارجہ اور سعودی وزیر اطلاعات نے آج ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے دونوں‌ممالک سے پاکستان کے خوشگوار تعلقات پر تبادلہ خیال کیا. اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیراطلاعات فواد چودھری بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان سے آج چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی اور سعودی وزیر اطلاعات عواد بن صالح نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے چینی وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہر آزمائش میں پوری اتری ہے، چین ہمارا بااعتماد دوست ہے، وزیراعظم نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے سے خطے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور دونوں ممالک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، انھوں نے کہا کہ چین کی ترقی دیگر ممالک کیلئے ایک مثال ہے۔ وزیراعظم نے چینی وزیرخارجہ کو سی پیک منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد اور چین کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی وزیر اطلاعت سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک مضبوط رشتے میں جڑے ہیں اور پاکستانی عوام بھی لگاو رکھتے ہیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اور وزیراطلاعات فواد چودھری کے علاوہ سیکرٹری خارجہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔