نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پے رول پر رہائی ملنے کا امکان

Last Updated On 11 September,2018 09:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئیں، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو پے رول پر رہائی ملنے کا امکان ہے۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو جنازے میں شرکت کے لیے رہا کیا جائے گا۔ پے رول پر تینوں کی رہائی کا فیصلہ ہوم سیکرٹری ازخود کر سکتے ہیں۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پے رول پر رہائی زیادہ سے زیادہ 3 دن کے لیے مل سکتی ہے۔ پے رول پر رہائی کے دوران پولیس اہلکار ساتھ موجود ہونگے۔

ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف، مریم صفدر اور کیپٹن (ر) صفدر کو پیرول پر رہا کیا جائے گا، اگر خاندان کا کوئی فرد درخواست دے گا تو اس پر فوری عمل ہو جائے گا۔ ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف نے قانونی مشیران سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

شریف فیملی کی رہائی سے متعلق بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے احکامات موصول ہو چکے ہیں لیکن پیرول سے متعلق درخواست تاحال موصول نہیں ہوئی، درخواست ملتے ہی فوری طور پر پیرول سے متعلق احکامات دئیے جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیل میں قید شریف خاندان کے افراد کو قانون کے مطابق ریلیف دینگے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شریف فیملی کو قانون کے مطابق تمام سہولتیں دیے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔
 

 

Advertisement