رہائی کتنے عرصے کے لیے ہوگی

Last Updated On 12 September,2018 09:14 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو اڈیالہ جیل سے پیرول پر رہا کر دیا گیا، ان کی رہائی کتنے عرصے کیلئے ہوگی اس حوالے مختلف اطلاعات سامنے آتی رہیں۔

قانونی ماہر سعد رسول نے بتایا ابتدائی طور پر 12 گھنٹے کے لئے رہائی ہوئی ہے، حکومت تین دن کے لئے پیرول کی اجازت دے سکتی ہے لیکن کوئی بھی اجازت 12 گھنٹے سے زیادہ نہیں ہوسکتی۔ یہ اجازت ہوم سیکرٹری دے سکتا ہے یہ 12 گھنٹے کی اجازت قانون کے مطابق ہے اس میں توسیع کے لئے لواحقین یا ملزم حکومت کو درخواست کریں گے، توقع ہے کہ حکومت اتنی تیزی سے ہی اس پر بھی اقدام کرے گی۔

اسلام آباد سے دنیا نیوز کے بیورو چیف خاور گھمن نے بتایا کہ نواز شریف، مریم اور صفدر کی رہائی کیلئے حکومت وقت نے جو اقدام اٹھایا ہے اور فوری طور پر اقدامات کئے ہیں اس کو بہت مثبت طریقے سے لیا جانا چاہئے قانونی طور پر اس ساری کارروائی کو دیکھا جائے تو اس میں بہت وقت لگتا ہے لیکن بعض لوگ اس کو سیاسی ایشو بنانے کی کوشش کر رہے تھے حکومت نے فیصلہ کیا کہ جونہی شریف فیملی کی جانب سے پیرول کی درخواست آئے گی اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔

دنیا نیوز نے سب سے پہلے یہ خبر بریک کی تھی کہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس میں کسی قسم کی قانونی یا انتظامی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، حکومت کے اس اقدام کی تعریف کی جانی چاہئے۔ منصور ستی نے بتایا حکام کے مطابق ہوسکتا ہے کہ لاہور میں نواز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا جائے اور کلثوم نواز کی تدفین کے بعد ان کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا جائے۔
 

Advertisement