اسلام آباد: (دنیا نیوز) پنجاب میں سینیٹ کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے 3 اکتوبر کو پولنگ ہوگی، تحریک انصاف اورمسلم لیگ ن کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے ا میدوار کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی خالی نشست پر 3 اکتوبر کو انتخاب ہوگا، تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم اور مسلم لیگ ن کے خواجہ حسان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، صوبائی الیکشن کمشنر پریزائیڈنگ افیسر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ صبح نو بجے سے چار بجے تک پولنگ ہوگی، اسمبلی ایوان کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیدیاگیا۔
مجموعی طور پر پنجاب اسمبلی کے 358 ارکان سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے اتحاد کو 185 ارکان کی حمایت حاصل ہے، مسلم لیگ ن کے امیدوار کو 162 میں سے 159 ارکان کی حمایت ملے گی، مسلم لیگ ن کے 3 ارکان نے ابھی تک اسمبلی نشست کاحلف نہیں اٹھایا۔
پیپلزپارٹی کے 7، 3 آزاد اور ایک راہ حق پارٹی کا ممبر ووٹ کاحق استمعال کرے گی۔ سینیٹ نشست پر پیپلزپارٹی نے نون لیگ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ احمد حسان کو ووٹ دے گی۔ شہباز شریف نے رابطہ کر کے پیپلز پارٹی کی قیادت سے حمایت کی درخواست کی تھی۔