نیب کا العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی کم سزا چیلنج کرنکا فیصلہ

Last Updated On 02 January,2019 11:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی کم سزا اور فلیگ شپ میں بریت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا، دونوں ریفرنسز میں نیب آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کرے گا۔

 نیب نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا کم ہے، بڑھائی جائے، نیب جرم ثابت ہوچکا، آرڈیننس میں دفعہ 9 اے 5 میں سزا 14 سال قید ہے۔ دوسری جانب نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کیخلاف بھی اپیل تیار کر لی۔

 یاد رہے احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا سنائی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا تھا۔ 131 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ نیب نے نواز شریف کے خلاف کرپشن کا مقدمہ ثابت کیا ہے، نواز شریف العزیزیہ اور ہل میٹل کے اصل مالک ثابت ہوئے جبکہ وہ اثاثوں کے لیے جائز ذرائع آمدن بتانے میں ناکام رہے۔

فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کے ساتھ اڑھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی بھی سزا سنائی گئی۔ ہل میٹل جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا گیا جبکہ نواز شریف 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل بھی قرار پائے۔

Advertisement