نئے سال کا آغاز ہوتے ہی مری، کالام میں برفباری، سردی میں اضافہ

Last Updated On 02 January,2019 01:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نئے سال کا آغاز ہوتے ہی پہاڑوں پر آسمان سے چاندی برسنا شروع ہوگئی، مری، گلیات، استور، ناران، کاغان، کالام، سوات اور آزاد کشمیر میں برفباری نے ہر منظر حسین بنا دیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، آج بھی کئی شہروں میں بارش کی پیش گوئی ہے۔

 ملکہ کوہسار، مری میں برفباری نے وادی کے حسن کو چار چاند لگا دیئے، گلیات میں بھی نئے سال کی پہلی برفباری ہوئی۔ ایوبیہ، نتھیاگلی میں برفباری کے بعد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جس میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ استور میں بھی کئی رابطہ سڑکیں بند ہیں، جس سے بالائی علاقوں کا شہر سے رابطہ منقطع ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی پہاڑوں پر برفباری ہوئی، ناران، کالام اور سوات میں بھی آسمان سے روئی کے گالے برس پڑے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مظفر آباد اور مانسہرہ میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ جھنگ، عارف والا، گگومنڈی، چیچہ وطنی، کندیاں، داؤد خیل، بہاولنگر، منچن آباد اور دولتالہ میں بھی بارش سے سردی بڑھ گئی۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی دھند کے باعث شاہراہیں دھندلائی رہیں، موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، پشاور، مردان، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہوراور سرگودھا میں چند مقامات پر آج بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری امکان ہے۔ سب سے زیادہ سردی سکردو میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 9 رہا جبکہ استور منفی6، کالام منفی 5، مالم جبہ، قلات منفی 2 اور ژوب میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد 2، لاہور 3، فیصل آباد 4، ملتان 5، پشاور 4 اور کوئٹہ میں ایک ریکارڈ کیا گیا۔
 

Advertisement