مریم نواز، محمد صفدر سمیت اہلخانہ کی نواز شریف سے ملاقات

Last Updated On 03 January,2019 01:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف سے ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر سمیت اہلخانہ نے ملاقات کی، سابق وزیراعظم سے ملنے کیلئے لیگی رہنما بھی کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔

 تفصیلات کے مطابق، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے حمزہ شہباز ملاقات کیلئے جیل پہنچے، کیپٹن (ر) صفدر بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق، ایم پی اے میاں مرغوب احمد، محمدزبیر، خرم دستگیر اور رانا تنویر سمیت دیگر رہنما بھی ملاقات کیلئے پہنچے۔

سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ فیصلے کے خلاف کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے، ہفتے میں 2 دن ملاقات کیلئے مختص ہونے چاہئیں۔ خرم دستگیر نے خبردار کیا کہ اگر نواز شریف کے ساتھ خلاف قانون کچھ کیا گیا تو اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ سائرہ افضل تارڑ نے بھی سابق وزیراعظم سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

نواز شریف سے ملاقات کا وقت شام چار بجے تک ہے، وکلا کا وفد بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کیلئے کوٹ لکھپت جیل پہنچے گا۔