آشیانہ اقبال ریفرنس: شہبازشریف کیخلاف 29 گواہوں کی فہرست تیار

Last Updated On 01 January,2019 02:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے شکنجہ کس لیا، شہبازشریف کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس میں 29 گواہوں کی فہرست تیار کر لی گئی، لسٹ دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔

نیب کی تیار کردہ گواہوں کی فہرست میں وعدہ معاف گواہ، بیورو کریٹس اور نیب افسران بھی شامل ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ کا نام نیب کے گواہوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔ سابق چیئرمین پی ایل ڈی سی طاہر خورشید نیب کے وعدہ معاف گواہوں کی فہرست میں شامل ہیں، طاہر خورشید پہلے ہی جوڈیشل مجسریٹ کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کروا چکے ہیں جس میں انہوں نے سابق وزیراعلٰی شہباز شریف اور سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو قصور وار ٹھہرایا ہے۔

سابق چیف ایگزیکٹیو پی ایل ڈی سی شیخ لطیف، سابق چیئرمین پی ایل ڈی سی شیخ علاو الدین کے نام بھی لسٹ میں شامل ہیں۔ نیب نے اپنے 6 افسروں کو بھی بطور سرکاری گواہ کے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کے مطابق شہباز شریف کیخلاف دائر کردہ ریفرنس کی نقول 3 جنوری کو ملزموں کو فراہم کر دی جائیں گی اور فرد جرم عائد ہونے کے بعد گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنے کا عمل شروع ہوگا۔
 

Advertisement