اپوزیشن کو ختم کرنے سے سویلین مارشل لا ہی آئے گا، اسفندیار ولی

Last Updated On 04 January,2019 09:39 am

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے مرکزی صدر اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ حسن اور حسین نواز سے دادا کے پیسوں کا منی ٹریل مانگا جاتا ہے، علیمہ خان کے لئے دوسرا قانون ہے، بیرون ملک محل اور پلازے نکلے تو ڈیم فنڈ میں دے دوں گا۔

پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حسن اور حسین نواز سے کہا جاتا ہے کہ دادا نے جو پیسے دیے اس کا منی ٹریل دو، سندھ میں کہیں سے بھی کچھ نکل آتا ہے تو کہا جاتا ہے کہ یہ بلاول یا زرداری کا بے نامی ہے لیکن علیمہ خان کے اربوں روپے دبئی میں نکلے تو اس پر دوسرا قانون لاگو ہوتا ہے۔

اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ الزام لگایا جاتا ہے کہ میرے بیرون ملک پلازے اور محلات ہیں، اگر ایسا ہوا تو میں انھیں ڈیم فنڈ میں دے دوں گا۔ مجھ پر ملائشیا میں جائیدادیں اور ہوٹل بنانے کا الزام خان صاحب نے لگایا تھا، تمام ادارے ان کے ماتحت ہیں، وہ تحقیقات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جب سے سیاست میں آئے اس میں شائستگی ختم ہو گئی ہے، کسی سیاسی جماعت میں سب فرشتے یا شیطان نہیں ہوتے، قدرت کا قانون ہے آج دوسرے کی تحقیر کی جا رہی ہے کل یہ بھگتیں گے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ فاٹا انتخابات میں حصہ ضرور لیں گے، چاہے کوئی طاقت والا آ کر میلہ لوٹ لے، کسی صورت ہم پی ٹی آئی کی حمایت نہیں کریں گے۔