مہمند ڈیم ٹھیکے کا معاملہ، پیپلز پارٹی نے نیب میں درخواست دائر کردی

Last Updated On 04 January,2019 02:14 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی نے مہمند ڈیم ٹھیکے کے خلاف درخواست دائر کر دی جس میں نیب سے ریفرنس دائر کرنے اور معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قبل ازیں اپوزیشن نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا جسے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے مسترد کر دیا۔

پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمن نے نیب میں درخواست جمع کروائی ہے جس میں مہمند ڈیم ٹھیکے کے خلاف نیب آرڈیننس کے مطابق کارروائی کی استدعا کی ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹھیکے کے خلاف شفاف تحقیقات کی جائیں اور ریفرنس بھی دائر کیا جائے۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے مطابق مہمند ڈیم کی تعمیرکے لیے دیے جانےوالے ٹینڈر پر قواعد و ضوابط کا خیال نہیں رکھا گیا اور ڈیسکون کو واحد بولی لگانے کی حثیت سے ٹھیکہ دیا گیاجو غلط ہے۔ تاہم حکومتی وزرا کا موقف ہے کہ اس ٹھیکے میں میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی گئی اور یہ تحریک انصاف کی بجائے ن لیگی حکومت میں دیا گیا ہے۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مہمند ڈیم کا ٹھیکہ منسوخ کرنے کا مطالبہ بھی کیا جسے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا نے مسترد کر دیا۔