لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری

Last Updated On 07 February,2019 11:21 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، لاہور میں ژالہ باری بھی ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

 گزشتہ رات سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، علی الصبح ہونے والی بوندا باندی کے بعد بھیگی بھیگی رت میں آسمان سے کہیں چھاجوں مینہ برسا اور کہیں اولے گرے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

فیصل آباد، ظفر وال اور گردونواح میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا۔ کاہنہ میں بارش اور ژالہ باری جبکہ علی پور شہر اور گردونواح میں بھی بارش ہوئی۔ جنوبی پنجاب کے سیاحتی مقام فورٹ منرو میں برف باری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ اسکردو، ناران، گلگت، استور، خنجراب، سیاچن میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر گزشتہ روز برف باری سے کوئٹہ کا موسم شدید سرد ہے۔ دن بھر یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں، کوئٹہ کے علاوہ زیارت اور قلات میں بھی برف باری سے موسم سرد شدید سرد ہو گیا۔ آج سب سے کم درجہ حرارت سکردو میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
زیارت میں کم از کم درجہ حرارت منفی 11، قلات منفی 6، کوئٹہ میں منفی 5، خضدار اور ژوب میں منفی 2، لسبیلہ میں 10، نوکنڈی میں 2، پنجگور میں 1، تربت میں 12 جبکہ اسلام آباد 6 لاہور 10 اور کراچی 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

Advertisement