سندھ میں 58 گھنٹوں سے بند سی این جی سٹیشنز آج کھل گئے

Last Updated On 10 February,2019 03:20 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت صوبے بھر میں 58 گھنٹوں سے بند سی این جی سٹیشنز کھل گئے جس کے باعث سٹیشنز کے سامنے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

ویران سٹیشنز دوبارہ آباد ہوگئے، کراچی سمیت صوبے بھر کو 58 گھنٹوں بعد بالآخر سی این جی مل گئی۔ جمعرات کی رات 10 بجے سے بند ہونے والے سی این جی سٹیشنز آج صبح آٹھ بجے کھل گئے۔

سخت سردی اور کڑے امتحان کی پرواہ کیے بغیر شہری اپنی گاڑیاں لیکر سی این جی پمپز کے باہر جمع ہو گئے، سی این جی کے بغیر دو دن کیسے گزارے، رکشہ ڈرائیورز نے کھل کر بتا دیا۔

ہر سال موسم سرما میں گیس میں کمی کی صرف صوبے سندھ میں ہی کیوں ہوتی ہے، شہریوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے سوال کر دیا۔ اس سے قبل سوئی سدرن گیس کمپنی نے سی این جی سٹیشنز کو جمعرات کی رات دس بجے سے ہفتے کی صبح 8 بجے تک بند کرنے کا اعلان کیا مگر بعد میں مزید چوبیس گھنٹوں کی بندش میں اضافہ کرکے غریب کی مشکل کم کرنے کے بجائے مزید بڑھا دی۔
 

Advertisement