سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان: 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

Last Updated On 12 February,2019 02:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ڈولتی ہوئی معیشت کیلئے بڑی خوشخبری، سعودی ولی عہد کے 2 روزہ دورے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ ایل این جی کے 2 بجلی گھر بھی سعودی عرب کو دینے پر بات چیت شیڈول میں شامل ہے، معزز مہمان کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

 ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ ادھار تیل کے معاملات طے پا چکے ہیں، ولی عہد کے دورہ کے دوران معاہدے پر دستخط ہوں گے، سعودی عرب 3 ارب ڈالر کا تیل 3 سال تک فراہم کرے گا، ایل این جی کے 2 بجلی گھر سعودی عرب کو دینے پر بھی بات چیت ہوگی، جن میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے، سعودی عرب گوادر آئل ریفائنری میں 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو پاکستان آئیں گے، ان کی آمد سے قبل ہی محمد بن سلمان کے وفد کے ارکان پاکستان پہنچنے لگے ہیں، ان میں ایڈوانس سکیورٹی ٹیم، ڈاکٹرز اور کوریج کرنے والے سعودی میڈیا کی ٹیمبں شامل ہیں، ایڈوانس سکیورٹی ٹیم نے مختلف مقامات کا جائزہ بھی لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے جبکہ سعودی وفود اسلام آباد کے نجی ہوٹلوں میں قیام کرے گا۔ جس کے لیے اسلام آباد کے 2 بڑے نجی ہوٹل مکمل اور 2 ہوٹل جزوی طور پر بک کر لئے گئے۔ محمد بن سلمان کی ورزش کے سامان، فرنیچر اور ضروری اشیاء سے بھرے 5 ٹرک بھی پہنچ گئے ہیں۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد کے ہمراہ ایک بڑا وفد آئے گا۔

 

Advertisement