وزیراعظم آج پاک ریل لائیو موبائل ایپ کا افتتاح کرینگے

Last Updated On 12 February,2019 12:18 pm

کراچی: (روزنامہ دنیا) وزیر اعظم عمران خان پاکستان ریلوے میں مسافر ٹرینوں کی آمدورفت کے لیے بنائی گئی پاک ریل لائیو موبائل ایپ کا افتتاح آج وزیراعظم ہاؤس میں کریں گے، جس کے بعد مین لائن پر کراچی سے پشاور، لاہور، فیصل آباد کی ٹرینوں کی آمد ورفت کی نگرانی کا نظام مؤثر ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے میں مسافروں کی سہولت کے لیے ٹرینوں کی آمد ورفت معلوم کرنے، دوران سفر ٹرین کی رفتار، اگلا سٹیشن کب تک آئے گا اور ٹرین کہاں موجود ہے جیسی معلومات حاصل کرنے کے لیے پاک ریل لائیو نامی موبائل ایپ متعارف کر ائی جا رہی ہے۔ جس کی افتتاحی تقریب آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہو گی۔ وزیر اعظم عمران خان ایپ کا افتتاح کریں گے، جس کے بعد ایپ کو مسافروں کے لیے عام کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس موبائل ایپ کی تیاری میں پاکستان ریلوے نے کسی قسم کے اخراجات نہیں کیے۔ موبائل ایپ تیار کرنے والی ٹیم نے سوفٹ ویئر سے لے کر لوکیٹر تک کے اخراجات خود برداشت کیے ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم عمران خان آج ملتان سے راولپنڈی کیلئے تھل ایکسپریس کا 11 سال بعد دوبارہ آغاز کریں گے، 2008 میں بند ہونے والی تھل ایکسپریس کو وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے گزشتہ ہفتے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تھل ایکسپریس 13 فروری بروز بدھ کو راولپنڈی اور ملتان سے صبح 7 بجے بیک وقت روانہ ہوگی، پہلے دن عوام مفت سفر کر سکیں گے۔ تھل ایکسپریس صبح سات بجے ملتان سے روانہ ہوگی جو براستہ مظفر گڑھ، کوٹ ادو، لیہ، بھکر، میانوالی پہنچے گی جہاں سے تھل ایکسپریس کی بوگیاں میانوالی سے راولپنڈی جانے والی میانوالی ایکسپریس میں شامل ہوں گی۔ تھل ایکسپریس میں ٹریکرسسٹم نصب ہوگا، صارفین موبائل ایپ کے ذریعے ٹرین کی آمدوروفت کے بارے میں باخبر رہیں گے، جبکہ کراچی سے لاہور کیلئے تیز رفتار وی آئی پی جناح ایکسپریس کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا۔
 

Advertisement