سندھ کابینہ اجلاس، ڈاکٹرز کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری

Last Updated On 25 February,2019 06:26 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کابینہ نے ڈاکٹرز کی تنخواہیں پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری دے دی، اطلاق فروری سے ہوگا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے زیر صدارت اجلاس میں کراچی میں نئی عمارتوں کے قیام کیلئے لیز کے پرانے طریقے کی منظوری دی گئی۔ سکھر میں میڈیکل یونیورسٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی۔

سندھ کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صحت، تعلیم اور دیگر اداروں میں تنخواہوں میں اضافہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ الاؤنسز اور تنخواہوں میں اضافے سے خزانے پر پانچ ارب ساٹھ کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

اس کے علاوہ سندھ کابینہ نے کراچی میں نئی عمارتوں کے قیام کیلئے لیز کے پرانے طریقے کی منظوری دے دی ہے۔ سندھ گورنمنٹ ہسپتال نیو کراچی
کو فنڈز جاری کرنے، کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کو یونیورسٹی کا
درجہ دینے، سیف ہاؤسز کے قیام کی منظوری اور لینڈ ریونیو ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی جبکہ سینڈیکیٹ کے بورڈز آف گورنرز کی تقرری کا اختیار وزیراعلیٰ کو دیدیا۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے زیر صدارت کابینہ اجلاس نے کے فور پروجیکٹ کیلئے نیسپاک کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری بھی دیدی۔ وزیراعلیٰ نے ٹی او آرز بنا کر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کابینہ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر پارکس، کھیل کے میدان وغیرہ بحال کرنے کے احکامات دیئے۔ وزیر بلدیات، وزیر ٹرانسپورٹ اور وزیر ثقافت پر مشتمل کمیٹی بھی بنا دی جو جائزہ لے کر اپنی سفارشات دے گی۔
 

Advertisement