'کرتارپور راہداری مذاکرات: بھارت کا صحافیوں کو ویزے دینے سے انکار'

Last Updated On 13 March,2019 03:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرتا رپور راہداری کے معاملے پر بھارت کی غیر سنجیدگی سامنے آگئی، پاکستانی صحافیوں کو کرتار پور راہداری مذاکرات کی اٹاری میں کوریج سے روک دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے بھارت نے کوریج کیلئے صحافیوں کو ویزے دینے سے انکار کر دیا، کرتارپور راہداری پر مذاکرات کیلئے کل اہم اجلاس ہونا ہے، کرتار پور راہداری سنگ بنیاد کی تقریب کیلئے 30 بھارتی صحافیوں کو ویزے دیئے تھے، 30 بھارتی صحافیوں نے تقریب کی کوریج کی۔

ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ بھارتی صحافیوں کی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کرائی گئی، بھارتی صحافیوں کے اعزاز میں وزیر خارجہ شاہ محمود نے عشائیہ بھی دیا، امید ہے کرتار پور راہداری مذاکرات دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کیلئے تبدیلی لائیں گے۔
 

Advertisement