جعلی اکاؤنٹس کیس: شبیر بمباٹ، جبار 9 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

Last Updated On 12 March,2019 03:28 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس کے 2 ملزمان عبدالجبار میمن اور محمد شبیر کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

 نیب نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار 2 ملزمان عبدالجبار میمن اور محمد شبیر کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا، جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔ نیب نے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمان نے زمین کی الاٹمنٹ سے قومی حکومت کو 80 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا، لین دین کیلئے جعلی بینک اکاؤنٹس استعمال ہوئے۔

ملزمان کے وکیل نے بتایا کہ دونوں ملزمان لاپتہ تھے، نیب سے پوچھیں گرفتاری کہاں سے ہوئی۔ نیب نے موقف اپنایا کہ کیس سامنے آنے پر دونوں ملزمان خود غائب ہوئے۔ ملزم عبدالجبار میمن نے بتایا کہ وہ خود جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے، جے آئی ٹی کے دفتر سے واپسی پر اغواء کرلیا، 5 ماہ سے خاندان سے نہیں ملا۔ نیب پراسیکیوٹر نے دونوں ملزمان کو گزشتہ روز کراچی سے گرفتار کرنے کا موقف اپنایا۔

عدالت نے دونوں ملزمان کو گھر والوں اور وکیل سے ملاقات کرانے کی ہدایت کی اور جعلی بینک اکاونٹس کیس کے مرکزی ملزم آفتاب میمن کے ہمراہ 21 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

 

Advertisement