حکومت اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، خسرو بختیار

Last Updated On 14 March,2019 11:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اقتصادی ترقی کو تیز اور برقرار رکھنے کے لیے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں اصلاحاتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے یہ بات ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر پاچا موتھو الانگو سے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔

سیکرٹری منصوبہ بندی ظفر حسن اور وزارت کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ ملاقات کے دوران مسٹر الانگو نے کہا کہ ورلڈ بینک “Pakistan @100” کے نام سے رپورٹ لانچ کر ہا ہے جو درمیانی مدت میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کو بڑھانے کیلۓ مختلف تجاویز پیش کرتی ہے۔

مسٹر الانگو نے وفاقی وزیر کو اس رپورٹ کی خصوصیات کے حوالے سے بتایا کہ اس میں پاکستان کو خوشحال اور ترقی پسند ملک بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ رپورٹ 18 مارچ کو لانچ کی جائے گی۔

مخدوم خسرو بختیار نے ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر کو 12ویں پانچ سالہ منصوبے کے اہم نکات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ یہ منصوبہ قومی معیشت کو فروغ دینے اور ملک کو ایک ابھرتی ہوئی معیشت بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
 

Advertisement