سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو ہم آلو چنے بیچنے آئے ؟ گورنر سرور

Last Updated On 22 April,2019 08:21 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے اگر سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو کیا ہم آلو چنے بیچنے آئے ہیں ؟ اگر کسی نے مجھے ہٹانے کا سوچا تو استعفیٰ دے دوں گا، میرا عثمان بزدار سے کوئی جھگڑا ہے اور نہ ہی مجھے انکی تبدیلی کے حوالے سے کوئی علم ہے۔

ٹی وی انٹرویو کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ چودھری نثار کو اب اسمبلی میں آجانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ٹیم میں اختلافات ہیں لیکن عمران خان پر سب متحد ہیں، وزیر اعظم مجھ سے ناراض نہیں ہیں، عمران خان کے پاس جادو کی چھڑی نہیں کہ فورا مسائل ختم کر دیں، حکومت کہیں نہیں جا رہی، پانچ سال پورے کریں گے۔

دریں اثنا گوجرانوالہ کے علاقہ لدھیوالہ وڑائچ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چودھری سرور نے کہا عمران خان کی بہتر پالیسیوں کی بدولت پاکستان کو دنیا بھر میں پذیرائی مل رہی ہے، حکومت کی آٹھ ماہ کی کا رکردگی پر پراپیگنڈا کرنیوالے بتائیں انہوں نے عوام کو کیا دیا، تعلیم صحت سمیت عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، 2 کروڑ 20 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے مزدوری کرتے ہیں ان کو سکولوں میں لیکر جا ئیں گے۔