انتقام کی سیاست کھیلنی ہےتو حکومت خود بھی تیار ہو جائے: شاہد خاقان

Last Updated On 14 May,2019 10:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی انتقام میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے، پہلے نیب تھا اب ایف آئی اے بھی کارروائیاں کر رہا ہے، کل امیرمقام کے بیٹے کیخلاف مقدمہ درج کرایا گیا، ان پر 3 کروڑ سے بھی کم کرپشن کا الزام ہے۔

اسلام آباد میں ن لیگی رہنماوں احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ این ایچ اے نے امیرمقام کے بیٹے کی کمپنی کیخلاف کوئی شکایت نہیں کی۔ سال 2018 میں کمپنی نے کام مکمل کر دیا اور سڑک ٹھیک چل رہی ہے۔ اگر کوئی کرپشن ہوئی تو این ایچ نے 4 سال سےشکایت کیوں نہیں کی۔ ٹھیکہ نواز حکومت کی بجائے 2009 میں پیپلزپارٹی کی حکومت میں دیاگیا تھا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران کو کرپشن حلال ہے، بی آرٹی میں کرپشن نہیں کیوں کہ وہ عمران خان کامنصوبہ ہے۔ اگرسیاسی انتقام کی سیاست کھیلنی ہےتو حکومت خودبھی تیارہوجائے۔ ہم سب سےزیادہ کرپشن کیخلاف ہیں، ملک میں سیاسی انتقام میں نئےباب کااضافہ ہواہے۔ پہلے نیب استعمال ہو رہا تھا اب ایف آئی اے بھی کارروائیاں کر رہا ہے۔