حکومت گرانا انتہائی قدم،پہلے ہر جمہوری طریقہ اپنائیں گے: شاہد خاقان عباسی

Last Updated On 21 May,2019 10:16 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر کسی نے کرپشن کی تو اسے حساب دینا پڑے گا لیکن احتساب کو سیاسی انتقام نہیں بنانا چاہیے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کیساتھ“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بنیادی بات یہ ہے کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ مسائل کا حل ڈھونڈنا اپوزیشن کا کام ہوتا ہے۔ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکی مسائل کے حل کیلئے اکھٹے ہوئے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ علیحدہ علیحدہ جماعتیں ہیں۔ پیپلز پارٹی کیساتھ ہمارا اختلاف رہا ہے لیکن عوام تکلیف میں ہے، بڑے مقصد کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ سڑک پر آنا آخری راستہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے کرپشن کی تو اسے حساب دینا پڑے گا۔ سندھ میں اگر کرپشن ہوئی ہے تو پکڑا جائے۔ آج ملک کو نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے گا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اقتدار کا حصول نہیں ہے، تاہم ملکی مسائل کے حل کیلئے اگر حکومت بھی گرانا پڑی تو وہ بھی گرائیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت گرانا انتہائی قدم ہے، اس سے پہلے ہر جمہوری طریقہ اپنائیں گے۔ اگر سڑک پر جائیں گے تو مزید انتشار ہوگا۔
 

Advertisement