کراچی میں اگلی بارش تک سارے نالے صاف کر دیئے جائینگے: علی زیدی

Last Updated On 03 August,2019 11:35 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ کراچی کے سارے نالوں کو فوری صاف کرینگے۔ کراچی کو کچرے سے پاک کرنے کی مہم بھی کل بروز اتوار سے شروع ہو گی۔ 14اگست تک نالوں سے کچرا اٹھاکردکھائیں گے۔ شہر قائد کے میئر نے اچھا کام کیا ہے۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلا کام بند نالوں کوصاف کرنا ہے۔ میئر وسیم اخترنے اچھا کام کیا، چاکنگ پوائنٹ پر میئر وسیم اختر کیساتھ کام کر رہے ہیں، انہوں نے وفاقی حکومت کیساتھ ڈیٹا شیئر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ، سعید غنی کا بھی شکرگزار ہوں۔

 

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی میں بہت سی ایسی جگہیں جہاں ڈمپر نہیں جا سکتے، میں شہریوں سے ایپل کرتا ہوں عوام کچہرا ڈمپر تک پہنچائیں۔ کراچی کے شہریوں کے تعاون کے بغیر کچرا صاف نہیں ہوسکتا۔ اگلی بارش تک سارے نالے صاف کر دیئے جائینگے۔ کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر کام کرینگے۔ صفائی کیلئے مشینری اور لوڈررز کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ ایف ڈبلیو او کی ٹیم اس مہم کودیکھے گی، ایف ڈبلیواوکے پاس تجربہ اورمشینری بھی ہے، یہ بھارت کا نہیں پاکستان کا ادارہ ہے۔

علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ نالوں کا سارا سمندر میں جا رہا ہے۔ 38نالے سمندرمیں گرتے ہیں۔ کئی نالوں پرانکروچمنٹ ہوگئی ہے۔ تجاوزات ختم کرنے والوں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ترجیحی بنیادوں پرگھردیں گے، شہر قائد کے لوگوں کو اونرشپ لینی پڑے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں بیگ پر پابندی لگا دی ہے، سندھ حکومت سے بھی درخواست کرتا ہوں صوبے میں شاپر بیگ پر پابندی لگائیں۔ بزنس مین سے میٹنگ ہوئی۔ کوشش ہے ان کے مسائل حل کریں۔

 

Advertisement