مسئلہ کشمیر کو ہر عالمی فورم پر اجاگر کرتے رہیں گے،فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 05 August,2019 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی یکطرفہ مکروہ عمل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، کشمیری انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی طاقتوں کو مدد کے لیے پکار رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام تحریک جدوجہد میں عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستانی قوم تحریک آزادی کے شہدا کوسلام پیش کرتی ہے، کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی کے اقدام سے بھارت کے جعلی سیکولرازم کا نقاب ہٹ گیا۔ بھارت نے مکروہ عمل کرکے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا۔ بھارت خطے کی ترقی کا دشمن بن کر سامنے آیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے سیاہ قانون کو کشمیری عوام اور پاکستان مسترد کر چکا ہے۔ آج بھارت کی زہریلی سوچ نے خطے کے امن کیساتھ کھلواڑ کیا۔ دنیا جان چکی ہے کہ امن کا داعی کون اور رکاوٹیں کھڑی کرنے والا شرپسند کون ہے۔
 

Advertisement