فائزہ ہمت ہار گئی، وکیل کے تشدد کا نشانہ بننے والی لیڈی کانسٹیبل کا نوکری چھوڑنے کا فیصلہ

Last Updated On 08 September,2019 10:29 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) لیڈی کانسٹبل فائزہ نے کہا ہے کہ طاقت کے نشے میں چور شخص نے تھپڑ مارا، اب ذہنی ٹارچر کیا جا رہا ہے، انصاف ملتا نظر نہیں آتا۔

لیڈی کانسٹیبل فائزہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میں نے پولیس فورس خدمت کے تحت جوائن کی لیکن چھپڑ مارنے کے معاملے میں مجھے انصاف ملتا نظر نہیں آ رہا۔ مجھے ذہنی ٹارچر کیا جارہا ہے۔ میں محکمہ پولیس سے استعفی دے رہی ہوں۔

لیڈی کانسٹیبل فائزہ کا کہنا ہے کہ اتنا پریشرائز کیا جا رہا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ میں خود کشی کرلوں یا کہاں جاؤں۔ میں اس مافیا کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ کانسٹیبل فائزہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انھیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

خیال رہے چند روز قبل دوران ڈیوٹی فائزہ نواز نامی لیڈی کانسٹیبل کو ایک وکیل احمد مختار نے چھپڑ مار دیا تھا۔ اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس نے وکیل کو گرفتار کرکے اس کیخلاف مقدمہ تو درج کر لیا تھا مگر ملزم نے عدالت سے رجوع کرکے ضمانت پر رہائی حاصل کرلی ہے۔

دوسری جانب پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک لیڈی کانسٹیبل فائزہ کا تحریری استعفیٰ موصول نہیں ہوا، زبانی یا ویڈیو پیغام کے ذریعے استعفیٰ نہیں دیا جا سکتا۔ لیڈی کانسٹیبل فائزہ وکلا کی طرف سے ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔
 

Advertisement