حکومت کا چودھری شوگر مل کیس میں بھی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

Last Updated On 13 January,2020 11:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے چودھری شوگر ملز کیس میں بھی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول سلٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چودھری شوگر ملز میں مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے کی گئی تھی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ان کا نام ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

نیب لاہور کی جانب سے اس سلسلے میں وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا۔ اب کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل پر ڈالنے کی منظوری دیدی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے رابطہ کرکے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے بیرون ملک قیام میں توسیع کے لیے ابھی تک کوئی درخواست یا دستاویزات موصول نہیں ہوئیں۔

خواجہ حارث نے اس کا جواب دیا ہے کہ ان کے پاس نواز شریف کے قیام کے حوالے سے کوئی دستاویز نہیں ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کیلئے ڈاکٹر عدنان یا نواز شریف سے برائے راست رابطہ کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ حارث کے جواب کے بعد پنجاب حکومت نے نواز شریف سے لندن میں اب تک ہونے والے علاج کی رپورٹس مانگ لی ہیں۔ واضح رہے کہ عدالت نے میاں نواز شریف کو بیرون ملک قیام میں مزید توسیع کے لئے پنجاب حکومت سے رابطہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
 

Advertisement