مریم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ، حکومت سے 7 روز میں جواب طلب

Last Updated On 15 January,2020 05:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 7 روز میں تحریری جواب طلب کر لیا۔

جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ بتایا جائے کہ حکومت نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر کیا پیش رفت کی ہے۔

مریم نواز کے وکلاء نے نشاندہی کی کہ درخواست گزار کے والد بیمار ہیں، ان کی عیادت کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی ہیں۔ وکلاء نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے معاملے پر وفاق کو سات 7 میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی لیکن چار ہفتوں میں کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا اور اب وفاقی حکومت کی چٹھی ملی ہے جس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔

ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے باور کرایا کہ ابھی نیب کا موقف بھی سننا ہے۔ عدالت نے مزید کارروائی 21 جنوری تک ملتوی کر دی۔
 

Advertisement