سندھ پولیس حکومت کیخلاف سازشوں میں ملوث ہے: سعید غنی کا الزام

Last Updated On 18 January,2020 03:03 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ پولیس حکومت کیخلاف سازشوں میں ملوث ہے، جو آئی جی کو چلا رہے تھے اب پریشانی میں مبتلا ہیں، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں، الزامات پر اعتراض نہیں، تحقیقات کرا لیں، کراچی نے بہت بڑے بڑے نام پیدا کیے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپوزیشن کے کچھ ارکان آئی جی سندھ کے جانے پر پریشان ہیں، پیپلز پارٹی دور میں پٹرول کی قیمت بڑھانے پر احتجاج کیا گیا، لیکن ہمارے دور میں کسی اتحادی نے بے روزگاری کا رونا نہیں رویا، پی ٹی آئی کی نالائق حکومت میں پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

 سعید غنی کا کہنا تھا پولیس میں کچھ افراد سندھ حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں، کلیم امام متنازع بن چکے ہیں، ان کی جگہ کوئی اور ہوتا تو خود مستعفی ہو جاتا، جو حکومت کی بدنامی کا باعث بن رہا ہو اسے چلے جانا چاہئے، پولیس آفیسر کو کسی کا حامی یا خلاف نہیں ہونا چاہیئے، آئی جی صاحب کی سربراہی میں چند افراد ایسے ہیں جو سازش کر رہے ہیں، جن کو شوق ہے وہ نوکری چھوڑ کر پی ٹی آئی جوائن کرلے۔

 

Advertisement