شاہد خاقان، احسن اقبال کا پارٹی سرگرمیاں تیز کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 04 March,2020 09:09 am

اسلام آباد: (طارق عزیز) مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی، مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے رہائی کے بعد سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی صدر شہباز شریف کی ہدایت پر دونوں رہنما ملک بھر کا دورہ اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے جس کا آغاز کل کراچی سے کیا جائے گا، شاہد خاقان اور احسن اقبال کراچی دورہ کے دوران پارٹی عہدیداروں، کارکنوں سے ملاقاتیں کرینگے اور کارنرز میٹنگز سے خطاب کریں گے۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان اور احسن اقبال کو ہدایت کی ہے کہ پارٹی پلیٹ فارم سے سیاسی سرگرمیاں تیز کی جائیں گی اور تنظیمی معاملات پر صوبوں کا دورہ کیا جائے گا تاکہ پارٹی فعال، متحرک نظر آئے، ضرورت کے تحت پارٹی میں سیاسی تبدیلیاں کی جائیں، ذرائع کے مطابق دورہ کراچی کے بعد ورکرز کنونشن کا سلسلہ گوجرانوالہ ڈویژن سے شروع کیا جائے گا جس کے بعد جنوبی پنجاب کے دورے اور ورکرز کنونشن کے لئے شیڈول ترتیب دیا جائے گا۔

احسن اقبال اپنے دوروں اور تنظیمی امور پر رپورٹس شہباز شریف کو بھجوائیں گے، نواز شریف کی واپسی کے لئے برطانیہ کو خط لکھنے پر پاکستان میں موجود سینئر قیادت نے لندن میں موجود شہباز شریف سے ٹیلی فون پر مشاورت کی، ن لیگ کی لیگل ٹیم نے شہباز شریف کو آگاہ کیا کہ اس خط کی کوئی حیثیت نہیں، اسے سنجیدہ لیا جائے اور نہ ہی اس معاملہ پر کوئی آئینی و قانونی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement