ڈینئیل پرل قتل کیس: سندھ حکومت نے فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

Last Updated On 22 April,2020 10:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ڈینئیل پرل قتل کیس میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے، اس میں ملزموں کو ٹرائل کورٹ کی جانب سے دی گئی سزائیں بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

تفصیل کے مطابق سندھ حکومت نے صحافی ڈینئیل پرل قتل کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف اپیل دائر کرتے ہوئے اسے کالعدم قرار دینے کی درخواست کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کی جانب سے ملزمان کو دی گئی سزائیں بحال کی جائیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے کیس کے مرکزی ملزم احمد عمر شیخ کی سزائے موت بحال کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

سندھ حکومت کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان فہد نسیم، سلمان ثاقب اور شیخ محمد عادل کی عمرقید سزائیں بھی بحال کی جائیں۔ یہ درخواست پراسیکیوٹر جنرل سندھ کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے۔

 

Advertisement