چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں، ہفتے کو پہلا روزہ ہوگا: محکمہ موسمیات

Last Updated On 23 April,2020 08:29 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند آج نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث پہلا روزہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔

ذرائع محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے 80 فیصد علاقوں میں جمعرات کو مطلع صاف ہوگا۔ صرف شمالی علاقہ جات اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں بادل ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے وقت چاند کی عمر کم ہوگی جبکہ انسانی آنکھ سے نظر آنے کیلئے چاند کی کم ازکم عمر ساڑھے 19 گھنٹے ہونا ضروری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے 15 منٹ تک ہوگی۔ واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے جو مفتی منیب الرحمن کے زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوگا۔

ادھر وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے ایسی تصاویر جاری کی ہیں جو جمعرات 23 اپریل کو پشاور شہر میں غروب آفتاب کے وقت مغربی افق پر چاند کے مقام کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

ترجمان وزارت کا کہنا ہے کہ اس تصویر سے واضح ہے کہ 23 اپریل کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے سے بھی کم ہوگی۔ افق پر اس کی بلندی صرف 2 ڈگری ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا میں کسی بھی جگہ چاند نظر آنا دوربین سے بھی ناممکن ہے۔
 

Advertisement