پٹرول کی قلت شہریوں کیلئے اذیت بن گئی، حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ

Last Updated On 07 June,2020 10:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں جاری پٹرول کی قلت میں ایک سے دولاکھ لٹرکا مزید اضافہ ہو گیا، یومیہ نو سے گیارہ لاکھ لٹر تک پہنچ جانے والی قلت نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں، ادھر کراچی میں بھی پیٹرول نایاب ہو گیا۔

لاہور کی سوا کروڑ کی آبادی کے لیے شہر بھر میں 350 پٹرول پمپ قائم ہیں جن سے یومیہ اوسطاً 30 لاکھ لٹر پٹرول فروخت ہوتا ہے لیکن یکم جون سے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے بعد سے بیشتر پمپس پر پٹرول کی جاری قلت میں مزید اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ کراچی کے سو سے زائد پیٹرول پمپس پر اسٹاک ختم ہونے کے بعد شہری مشکلات کا شکار ہیں۔

لاہور میں پی ایس او کے پاس پٹرول وافر مقدار میں موجود ہے لیکن 20 پرائیویٹ کمپنیوں کے 220 پٹرول پمپس میں سے بیشتر پر پٹرول دستیاب نہیں جس کے باعث شہریوں کو پٹرول کی دستیابی کے لیے جوکھم اُٹھانا پڑ رہا ہے، شہریوں نے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا تاہم حکام کے مطابق صورت حال میں بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

 

Advertisement