مقبوضہ کشمیر: محرم الحرام میں بھی بھارتی ظلم نہ رک سکا، مزید 3 نوجوان شہید

Published On 30 August,2020 09:59 am

سرینگر: (دنیا نیوز) محرم الحرام میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ نہ رک سکا، قابض فوج نے مزید 3 کشمیری شہید کر دیئے جبکہ متعدد کو گرفتار کر کے غیر قانونی حراستی مراکز میں‌ منتقل کر دیا گیا، تین روز میں شہدا کی تعداد 10 ہو گئی۔

 

بھارتی فوج نے سری نگر کے نواحی علاقے پانتھا چوک میں سرچ آپریشن کی آڑ میں تین نوجوانوں کو شہید کیا، علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل کر کے گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔

ظالم فوج نے عاشورہ کے جلوس پر بھی پیلٹ گن کے کارتوس چلائے جس سے 20 سے زائد نوجوان زخمی ہو گئے، ایک سال سے طویل لاک ڈاون کے سبب ہسپتالوں میں ادویات کی بھی شدید قلت ہے جس کے سبب زخمیوں کے علاج میں ڈٓاکٹروں کو شدید مشکلات سامنے آ رہی ہیں۔ ظالم فوج آپریشن تھیٹرز میں بھی ضروری سامان پہنچانے میں رکاوٹ ہے۔ غیر انسانی کارروائیوں کے خلاف کشمیری عوام نے شدید احتجاج کیا۔

دریں اثنا مودی سرکار نے کشمیر میں غیر کشمیریوں کو بسانے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، نئی قانون سازی سے بھارت کے کسی بھی حصے سے کوئی بھی شخص مقبوضہ کشمیر کی شہریت حاصل کر سکتا ہے۔ بھارتی سرکار غیر کشمیریوں کو پانچ دن میں شہریت فراہم کررہی ہے، اب تک چارلاکھ سےزائد ہندوؤں کو شہریت دی جاچکی ہے۔

ایک بھارتی پروفیسر نے فرانسیسی خبر ایجنسی کو بتایا کہ جموں کشمیر میں ہندوؤں کی آبادکاری کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ظلم کی انتہا کہ کشمیری جو صدیوں سے کشمیر میں رہتے آ رہے ہیں ان کو مستقل شہریت کے لیے پرانے کاغذات پیش کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔

 

Advertisement