'گرفتاریوں سے تحریکیں زور پکڑتی ہیں، کسان، تاجر سمیت سب گوجرانوالہ پہنچیں'

Published On 15 October,2020 09:06 am

لاہور: (دنیا نیوز) رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ جلسے کی اجازت ملنے کے بعد کارکنوں کی گرفتاریوں کا کوئی جواز نہیں، گرفتاریوں سے تحریکیں زور پکڑتی ہیں، کسان، تاجر سمیت سب گوجرانوالہ پہنچیں، ملک میں کوئی حکومت نہیں، عمران خان کی شکل میں ایک ٹولہ مسلط ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہر آدمی تنگ ہے، ملک میں 2 سال سے کوئی گورننس نہیں، عمران خان کی صورت میں ایک ٹولہ بیٹھا ہے، بنانا تو دور کی بات حکومت نے کسی منصوبے کا اعلان تک نہیں کیا، ڈھائی سال میں ملک کو اس سطح پر پہنچا دیا گیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا چیئرمین نیب پوری اپوزیشن کو جیل بھیجنے کیلئے تیار ہیں، عمران خان، شہزاد اکبر وزیراعظم ہاؤس میں بیٹھ کر منصوبہ بندی کرتے ہیں، مجھے کہا گیا 15 اکتوبر کو عدالت پیش نہ ہوں گرفتار کرلیں گے۔

 دوسری جانب پی ڈی ایم کو گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت مل گئی، انتظامیہ کے ساتھ طویل نشست میں 28 نکاتی معاہدہ طے پاگیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جس کے بعد جناح سٹیڈیم پی ڈی ایم کے حوالے کر دیا۔

جلسے کا وقت شام 5 سے رات 12 بجے تک مقرر کیا گیا، جس میں کورونا ایس او پیز کو مد نظر رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے، کارکن بغیر ماسک اور سینیٹائزر جلسہ گاہ میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ معاہدے کے مطابق پی ڈی ایم کا کوئی رہنما سٹیڈیم کے علاوہ کسی جگہ تقریر نہیں کرے گا۔ جی ٹی روڈ کو بھی بند نہیں کیا جائے گا، ملکی سلامتی کے اداروں اور خلاف آئین کوئی تقریر نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی پر جلسہ انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

Advertisement