کسی بھی قیمت پر بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: مسلم لیگ ن

Published On 31 October,2020 09:21 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ن لیگ کسی بھی قیمت پر اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹے گی، سردار ایاز صادق کے خلاف مہم عوام کی اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے زیادہ قوت کے ساتھ اپنا کردار ادا کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کا اعلی سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سینئر نائب صدر مریم نوازشریف، سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناءاللہ خاں، خواجہ سعد رفیق، انجینئر خرم دستگیر ، مریم اورنگزیب، جاوید لطیف، پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطاءاللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی صورتحال پر غور کیاگیا۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی، خارجہ پالیسی کی ناکامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملک کی داخلی اور خارجی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی ن لیگ سے راہیں جدا ہونے کا امکان

اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی۔ڈی۔ایم) کے گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ کے کامیاب جلسوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاگیا کہ عوام پی ڈی ایم کی سیاسی جدوجہد میں جس جوش وجذبے کا اظہار کررہے ہیں اور جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

اجلاس نے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خلاف منفی اشتہاری مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قرار دیا کہ وضاحت جاری ہونے کے باوجود اس نوعیت کے ہتھکنڈے دراصل عوام کی توجہ مہنگائی، بے روزگاری، معیشت کی تباہی،خارجہ پالیسی سمیت ہر محاذ پر بدترین نالائقی وناکامی اور حکومتی کرپشن کو ہٹانے کی ناکام کوشش ہے۔ اگلے مرحلے میں خیبرپختونخوا میں پی ڈی ایم کے جلسوں کو بھرپور کامیاب بنانے کے لئے عوام اور کارکنان کو فعال کیاجائے گا۔

لیگی ارکان کاکہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) پی ڈی ایم اور پارٹی کے پلیٹ فارم سے ووٹ چوری کے خلاف اور عوام کے آئینی، قانونی، جمہوری اور معاشی حقوق کے لئے تاریخی کردار ادا کررہی ہے اور مستقبل میں اس سے بھی زیادہ قوت سے اپنا کردار ادا کرے گی اور کسی بھی قیمت پر اپنے بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایاز صادق کا متنازع بیان، تھانہ سیکرٹریٹ میں اندراج مقدمہ کیلئے ایک اور درخواست دائر

اجلاس نے پارٹی صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہبازکو جیل میں قانونی سہولیات نہ دینے کی وزیراعظم کی آئی جی جیل خانہ جات کو دھمکی کی شدید مذمت کی اور قرار دیا کہ فسطائیت اور سیاسی انتقام میں پاگل سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوچھی اور خلاف قانون حرکتیں ان کا ڈولتا اقتدار بچا نہیں سکتیں۔

اجلاس نے شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی آئین، قانون، جمہوریت، پارٹی نظریہ کے لئے قربانیوں اور سیاسی انتقام کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

اجلاس نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے جذبے کو بھی سراہا کہ وہ قائدمحمد نوازشریف کی قیادت میں پورے عزم اور جرات سے میدان عمل میں ڈٹے ہوئے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی کے مستقبل کے پروگراموں، سیاسی سرگرمیوں اور سیاسی جدوجہد کے حوالے سے بھی لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔

Advertisement