لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کی ن لیگ سے راہیں جدا ہونے کا امکان

Published On 31 October,2020 06:11 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کوئٹہ جلسے میں نہ بلانے کے تنازع پر لیگی رہنما لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے مسلم لیگ نون بلوچستان کی صدارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ جبکہ پارٹی بھی چھوڑے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عبدالقادر بلوچ چاہتے تھے کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کو کوئٹہ جلسے میں بلایا جائے تاہم ن لیگی قیادت نے انکار کردیا تھا۔

پی ڈیم ایم سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کاکہنا تھاکہ ثناء اللہ زہری اڑھائی سال سے ملک میں موجود نہیں، وہ پی ڈی ایم کے جلسے کا حصہ نہیں بن سکتے۔ ثناء اللہ زہری جب تحریک کے ساتھ ہیں ہی نہیں تو پھر انہیں پی ڈی ایم جلسے میں کیوں بلایا جائے؟

پارٹی قیادت کے اس فیصلے سے نالاں ہو کر عبدالقادر بلوچ نے فیصلہ کیا ہےکہ اگر بحیثیت صوبائی صدر ان کی رائے کو صوبے میں بھی اہمیت نہیں دی جاتی تو ان کا عہدے پر رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نون بلوچستان کی صدارت سے مستعفی ہونے بعد اس بات کا بھی امکان ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نون لیگ سے بھی اپنی راہیں جدا کرلیں۔
 

Advertisement