لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی ایز سابق رہنماؤں نے سردار ایاز صادق کے معاملے پر واضح اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیانیے کا ساتھ نہیں دے سکتے۔
اوکاڑہ میں سابق ایم این اے سردار منصب ڈوگر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے ملک دشمن بیانیے کا ساتھ نہیں دے سکتا۔ مسلم لیگ ن کے ساتھ اپنی 25سالہ رفاقت کو آج قربان کر رہا ہوں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اس ملک کی حفاظت کی ضامن ہے، ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایاز صادق کے متنازع بیان کے بعد سرشرم سے جھک گئے: لیگی ارکان اسمبلی
سردار منصب ڈوگر کا کہنا تھا کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے بیان سے دلی دکھ ہوا۔ انہوں نے پتا نہیں کس کی خوشنودی کے لئے پاک فوج کی فتح کو بدلنے کی کوشش کی ہے آپ میاںنواز شریف کی خوشامد کر کے سپیکر بن گئے حالانکہ آپ اس کے اہل نہیں تھے۔
شکر گڑھ سے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے علامہ غیاث الدین نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے ایمان والو اللہ تعالی سے ڈرو اور سیدھی بات کرو۔ کچھ عرصہ سے چند سیاسی پارٹیاں فوج کے متعلق زہر اگل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج امن کی ضمانت ہے۔ میرے علاقے آئے روز شہداء کی نعشیں آ رہی ہیں، مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف بیماری کا بہانہ بنا کر بہانے چلے گئے۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی نے غلط بیان دیا، اسکی تردید کرتا ہوں۔
لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے بیان پر کاروائی ہونی چاہیے، پاکستان مخالف قوتوں کو اس بیان پر خوشی ہوئی،پاکستان قوم کو اس بیان پر تکلیف ملی، نوازشریف اور ایاز صادق اپنے بیان کی تردید کریں، اس وقت بیان اپنی ذاتی مقاصد کے لئے دے رہے ہیں، کچھ لوگ پاک فوج سے نفرت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی قیمت پر بنیادی نصب العین سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: مسلم لیگ ن
ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ایسا بیان دیا ہے انکی زبانیں کھینچ لینی چاہئیں، جو بھی سیاستدان ایسے فوج مخالف بیان دے اس کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے، اپنے ذاتی مقاصد کے لیے فوج کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی ممبر صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ مجھے بڑا دکھ ہوا جو ایاز صادق نے بیان دیا، سابق سپیکر کے بیان سے میرا سر شرم سے جھک گیا ہے، اگر آپ لوگوں نے بھارت کو خوش کرنا ہے تو وہاں چلے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور ن لیگی مجھے آج شرم آ رہی ہے، نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے سے پوری قوم کو دکھ ہوا۔ جو آپ لوگ کر رہے ہیں یہ ملک کے لئے بہتر نہیں ہے، میں نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے کی مخالف کرتا ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یونس انصاری کا کہنا تھا کہ 35 سال سے ہمارا خاندان سیاست میں ہے، میرے بھائی کو اللہ تعالیٰ نے ایم پی اے بنایا، شرمندگی ہو رہی ہے کہ قومی اسمبلی میں کیا ہو رہا یے، ٹانگیں کانپنے والے بیان پر ایاز صادق کو شرم آنی چاہیے تھی۔
لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ ایاز صادق ملک دشمنوں کی بولی بول رہے تھے، چینلج کرتا ہوں نواز شریف، شہباز شریف یا حمزہ کو لے آؤ گوجرانوالہ میں ضمانتیں ضبط کراؤں گا۔
یونس انصاری کا کہنا تھا کہ جب یہ لندن میں نکلتے ہیں تو لوگ انکو چور چور کہتے ہیں، ن لیگ نے اداروں کے خلاف ہمیشہ بات کی، خرم دستگیر اور اسکے والد کو کہونگا کہ آؤ لگاؤ ملک میں آگ۔