لاہور، ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے دو رکن صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا اور یونس انصاری نے کہا ہے کہ ایاز صادق کے متنازع بیان کے بعد سرشرم سے جھک گیا ہے۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی ممبر صوبائی اسمبلی نشاط ڈاہا کا کہنا تھا کہ مجھے بڑا دکھ ہوا جو ایاز صادق نے بیان دیا، سابق سپیکر کے بیان سے میرا سر شرم سے جھک گیا ہے، اگر آپ لوگوں نے بھارت کو خوش کرنا ہے تو وہاں چلے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور ن لیگی مجھے آج شرم آ رہی ہے، نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے سے پوری قوم کو دکھ ہوا۔ جو آپ لوگ کر رہے ہیں یہ ملک کے لئے بہتر نہیں ہے، میں نواز شریف اور ایاز صادق کے بیانیے کی مخالف کرتا ہوں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یونس انصاری کا کہنا تھا کہ 35 سال سے ہمارا خاندان سیاست میں ہے، میرے بھائی کو اللہ تعالیٰ نے ایم پی اے بنایا، شرمندگی ہو رہی ہے کہ قومی اسمبلی میں کیا ہو رہا یے، ٹانگیں کانپنے والے بیان پر ایاز صادق کو شرم آنی چاہیے تھی۔
لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ ایاز صادق ملک دشمنوں کی بولی بول رہے تھے، چینلج کرتا ہوں نواز شریف، شہباز شریف یا حمزہ کو لے آؤ گوجرانوالہ میں ضمانتیں ضبط کراؤں گا۔
یونس انصاری کا کہنا تھا کہ جب یہ لندن میں نکلتے ہیں تو لوگ انکو چور چور کہتے ہیں، ن لیگ نے اداروں کے خلاف ہمیشہ بات کی، خرم دستگیر اور اسکے والد کو کہونگا کہ آؤ لگاؤ ملک میں آگ۔