اپوزیشن نے آرمی چیف سے حکومت گرانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا: احسن اقبال

Published On 19 December,2020 04:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ادارے پی ڈی ایم نہیں حکومت کی کارکردگی سے پریشان ہیں۔ اپوزیشن نے آرمی چیف سے حکومت گرانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کوگھربھیجیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ ملک بچانے کے لیے ہوگا، یکم فروری کوپی ڈی ایم لیڈرشپ حتمی لانگ مارچ کا اعلان کرے گی، پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں مٹھی کی طرح متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں نے ہمیشہ پاکستان کومضبوط کیا، مارشل لا ادوارمیں پاکستان کونقصان ہوا، ہرجمہوری حکومت نے پاکستان کومضبوط کیا ہے، تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔ یہ وقت ہے ہرکسی کوخوداحتسابی کرنی چاہیے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور دیگر کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے، سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کے مداخلت کے سارے دروازے بند ہونے چاہئیں، سیاست دان تو سیکھ چکے، اب اسٹیبلشمنٹ کوسیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے چند ماہ کے بعد رخصت ہوجانا ہے، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے، پولیس کو مہمان حکومت کی خاطراپنی ملازمتوں کودغدارنہیں کرنا چاہیے، شہبازشریف، حمزہ شہبازکوانتقام کی بنیاد پرگرفتارکیا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مخالفین جمہوری حکومت ہٹانے کیلئے فوج پر دباؤ ڈال رہے ہیں: وزیراعظم عمران خان

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم تحریک عوام کی تحریک بن چکی ہے۔ اپوزیشن نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے حکومت گرانے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، عوام کی طاقت سے سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجیں گے، پی ڈی ایم اعلان لاہور،قرارداد پاکستان کے بعد اہم ترین قرارداد ہے، تمام جماعتوں نے ملکرچلنے کا وعدہ کیا ہے۔ اپوزیشن اقتدارنہیں عوام کوبچانے کی جنگ لڑرہے ہیں۔

احسن اقبال نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بڑھ گئی، حکومت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں20فیصد اضافہ کرکے ریلیف دے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا،چینی بحران میں 400ارب کا نقصان کیا گیا، بی آرٹی منصوبے پرنیب، ایف آئی اے کدھرہے؟ سپریم کورٹ نے کہا نیب ون سائیڈ احتساب کررہا ہے۔ آج پاکستان کی کوئی ایئرلائن یورپ نہیں جاسکتی، وزیرکے غیرذمہ داربیان نے ایوی ایشن انڈسٹری کا بیڑہ غرق کردیا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان نے دوسالوں میں دفاعی بجٹ میں اضافہ نہیں کیا، اداروں میں بے چینی کی وجہ آپ کی بدنامی ان کے حصے میں کیوں آرہی ہے۔ سعودی عرب،یواے ای پاکستان سے ناراض کیوں ہوئے۔

وزیراعظم کی طرف سے اپوزیشن کو سات روز کے دوران دھرنے کے دوران چیلنج کے جواب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان فرمارہے ہیں، 7 دن دھرنا دیں گے تواستعفے کا سوچیں گے، اس حکومت نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے، عمران نیازی ایل بی ڈبلیواورکیچ آؤٹ بھی ہوچکے ہیں، یہ اب ضدی بچے کی طرح بیٹھے ہیں، ان کونکالنے کے لیے لانگ مارچ کریں گے۔

Advertisement