اسلام آباد: (دنیا نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ میں منتخب وزیراعظم ہوں، فوج میرے ماتحت جبکہ دیگرادارے بھی ساتھ کھڑے ہیں۔ مخالفین جمہوری حکومت ہٹانے کے لیے فوج پر دباؤ ڈال رہے ہیں، ایسا کرنے والوں پر آرٹیکل چھ لگتا ہے۔
ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے پاس بٹن نہیں کہ آن آف کرنے سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔ جب اقتدار سنبھالا تو پاکستان کا قرضہ چھ ہزار ارب سے 30 ہزار ارب پر جبکہ ہمارے زرمبادلہ ذخائر صفر پر پہنچ چکے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تبدیلی یہ ہے کہ جو بڑے بڑے نام تھے وہ سارے جیلوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ پہلی دفعہ ہوا کہ چوروں کو این آر او نہیں دیا گیا۔ فیٹف پر اپوزیشن نے 38 میں سے 34 شقوں میں ترمیم مانگی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے فیٹف سے متعلق قانونی سازی پر بلیک میل کیا۔ میں ان کو این آراو دونگا تو پاکستان کا مستقبل تباہ کرونگا۔ ان کو ایک ایسا آدمی ملا ہے جو آخر تک جائے گا، ان کو چھوڑے گا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں ان کی تجویز کردہ ترامیم کو مان لیتا تو ان پر کیسز ختم ہو جاتے۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے ایک دوسرے پر کیسز بنائے۔ یہ فوج پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ جمہوری حکومت کو ہٹا دو۔ یہ آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا کیس ہے۔ فوج حکومت کا ادارہ اور میرے ماتحت ہے، میں وزیراعظم ہوں۔