خلاصہ
- کراچی :(دنیا نیوز) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے ) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی فضائی حدود بند ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں جب کی وفاقی دارالحکومت کا ایئرپورٹ معمول کے مطابق فعال ہے۔
ترجمان کےمطابق تمام داخلی و خارجی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں، صبح تقریباً 10 بجے سے دوپہر 1:15 بجے تک اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز عارضی طور پر معطل رہے۔
پی اے اے ترجمان نے وضاحت کی کہ یہ پاکستان ڈے (23 مارچ) کی فلائی پاسٹ ریہرسل کی وجہ سے تھا، جو ایک معمول کا انتظامی اور آپریشنل اقدام ہے، اس کے بعد فضائی حدود کلیئر کر دی گئیں اور پروازیں بحال ہو گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ بندش کسی سکیورٹی ایمرجنسی، ڈرون حملے، یا علاقائی کشیدگی کی وجہ سے نہیں تھی بلکہ پاکستان ایئر فورس کی ریہرسل ڈرل کا حصہ تھی، اس طرح کی عارضی معطلیاں تقریبات کی تیاری میں عام ہوتی ہیں اور پورے ملک کی فضائی حدود کو بند کرنے کے لیے نہیں ہوتیں۔
دوسری جانب پی اے اے ترجمان نے مزید کہا کہ عوام سے گزارش ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں، اگر آپ کی کوئی پرواز متاثر ہو تو براہِ راست ایئر لائن یا ایئرپورٹ سے تصدیق کریں۔