ایم کیوایم پاکستان سے کوئی اختلاف نہیں : فیصل واوڈا

Published On 19 March,2024 12:03 pm

کراچی : (دنیانیوز) سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ میرے اختلافات ایم کیو ایم لندن سے تھے، ایم کیو ایم پاکستان سے کوئی اختلاف نہیں۔

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری مخالفت ایم کیو ایم لندن والی ٹیم سے تھی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، رؤف صدیقی اور مصطفیٰ کمال سے میرا اچھا تعلق رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اچھا کام کرنے والے کی تعریف کریں گے، انقلاب لانے کا طریقہ یہ نہیں کہ ملکی سلامتی کو آگ لگادیں، انقلاب لانے کے لیے ملکی سالمیت کو خطرے میں نہیں ڈالا جاسکتا، پر امن احتجاج اور ووٹوں کے ذریعے بھی انقلاب لایا جاسکتا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان ہے، جسٹس سسٹم کےذریعے آپ انقلاب لا سکتے ہیں ، میرے اور بانی پی ٹی آئی کے اختلافات تھے ،ان کی مولا جٹ سیاست ناکام ہوئی ہے، بانی پی ٹی آئی مزید پریشانیوں میں پھنستے دکھائی دیتے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھے روزے میں بار بار بلارہے ہیں، شاید ان کو میرا کوئی کرمنل ریکارڈ ڈھونڈنا تھا، بریکنگ تو میں 27کو یا 3کو ضرور دوں گا، یہ 6سال سے سو رہے تھے آج جاگ جائیں گے۔

یاد رہے کہ فیصل واوڈا کی جانب سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما نے سندھ سے سینیٹ انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے لیکن دلچسپ بات یہ تھی کہ ایم کیو ایم-پاکستان کے دو قانون سازوں نے ان کی امیدواری کی تجویز اور حمایت کی تھی۔
 

Advertisement